ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / آنگن واڑی کارکنوں کے وظیفہ میں اضافہ کا اعلان،سدرامیا کی قیادت میں منعقدہ مصالحتی میٹنگ کامیاب

آنگن واڑی کارکنوں کے وظیفہ میں اضافہ کا اعلان،سدرامیا کی قیادت میں منعقدہ مصالحتی میٹنگ کامیاب

Tue, 11 Apr 2017 01:05:32    S.O. News Service

بنگلورو:10/اپریل(ایس او نیوز) آنگن واڑی کارکنوں اور معاونین کے ماہانہ وظیفہ میں اضافہ کے سلسلے میں آج وزیراعلیٰ سدرامیا کی طرف سے آنگن واڑی کارکنوں کے ساتھ کی گئی میٹنگ نتیجہ خیز اور کامیاب رہی۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آنگن واڑی کارکنوں کے وظیفہ میں اضافہ کو منظوری دے دی۔ آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اپنی ہوم آفس کرشنامیں آنگن واڑی کارکنوں کے ماہانہ وظیفہ میں دو ہزار روپے اور معاونین کے وظیفہ میں ایک ہزار روپے کے اضافہ پر اتفاق کرلیا۔حالانکہ وزیراعلیٰ نے بجٹ میں آنگن واڑی کارکنوں کے وظیفہ میں ہزار روپے اور معاونین کے وظیفہ میں پانچ سوروپیوں کے اضافہ کا اعلان کیاتھا، تاہم آج منعقدہ میٹنگ میں سدرامیا نے اعلان کیاکہ آنگن واڑی کارکنوں کو جو ماہانہ وظیفہ چھ ہزار روپے دیا جارہا ہے اسے بڑھاکر آٹھ ہزار روپے کیا جائے گا، جبکہ معاونین کے وظیفہ کو تین ہزار روپے سے بڑھاکر چار ہزار روپے کیاجائے گا۔آنگن واڑی کارکن اور معاونین اسوسی ایشن کی صدر ورلکشمی اور مختلف اداروں اورانجمنوں کے نمائندوں کے ساتھ وزیر اعلیٰ نے یہ میٹنگ کی۔ یاد رہے کہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے مرحلے میں آنگن واڑی کارکنوں نے اپنے وظیفہ اور دیگر مانگوں کو لے کر شہر کے آنند راؤ سرکل میں مسلسل تین دن احتجاجی دھرنا دیاتھا، جو سرخیوں میں چھایا رہا۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ سدرامیا نے تیقن دیاتھاکہ ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ ضمنی چناؤ کے فوراً بعد اس مسئلے پر وہ ایک میٹنگ طلب کریں گے۔ وعدہ کے مطابق آج انہوں نے میٹنگ طلب کی اور تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد آنگن واڑی کارکنوں کے مطالبے کو منظور کرنے کا اعلان کیا۔ میٹنگ کے بعد وزیراعلیٰ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ آنگن واڑی کارکنوں کو بجٹ میں ہزار روپے اور معاونین کو پانچ سو روپے افزود وظیفہ دینے کااعلان کیاگیا، تاہم آج کی میٹنگ میں طے کیاگیا ہے کہ مزید ہزار روپے اور پانچ سوروپے علی الترتیب کارکنوں اور معاونین کو ادا کئے جائیں گے۔اس سے آنگن واڑی کارکنوں کو ماہانہ آٹھ ہزار روپے اور معاونین کو چار ہزار روپے ملیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے چار سال کے دوران ریاستی حکومت نے آنگن واڑی کارکنوں کے وظیفہ میں 4450 روپے تک کا اضافہ کیا ہے، جبکہ بی جے پی حکومت کے دور میں صرف پانچ سو روپیوں کا اضافہ ہوا تھا۔ انہوں نے کہاکہ آنگن واڑی کارکنوں نے کم از کم تنخواہ دس ہزار روپے ماہانہ طے کرنے کی مانگ کی تھی، لیکن قانون کے تحت اس کی گنجائش نہ ہونے کے سبب ان کے وظیفہ میں اضافہ کے ساتھ انہیں طبی بھتہ الگ سے ادا کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بجٹ چونکہ مرکزی حکومت سے آتا ہے، ریاستی حکومت کی طرف سے اس میں کم از کم شرح اجرت کا تقرر کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ آنگن واڑی کارکنوں کو مرکزی حکومت 90 فیصد اور ریاستی حکومت دس فیصد وظیفہ ادا کرتی ہے۔ میٹنگ کے بعد آنگن واڑی کارکنوں کی صدر ورلکشمی نے وزیراعلیٰ سدرامیا کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے سے ریاست بھر میں 1.25لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔


Share: